چین میں تربیت یافتہ طلبہ پاکستان کا مستقبل سنواریں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے چین میں تربیت کے لیے جانے والے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی عملی زندگی میں میرٹ، امانت اور دیانت کو اپنائیں۔ چین میں تربیت یافتہ طلبہ پاکستان کا مستقبل سنواریں گے۔
اسلام آباد میں چین میں طلبہ کو تربیت دینے سے متعلق پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور پاکستان آج کے دور کے تقاضے پورے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایک ہزار طلبہ میں سے 300 اپنی تربیت مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، 100 اس وقت چین میں زیر تربیت ہیں جبکہ مزید 300 طلبہ 24 اگست کو روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا نہایت بااعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کے انتخاب کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کو خصوصی طور پر اس کی آبادی سے 10 فیصد زائد کوٹہ دیا گیا تاکہ اسے قومی ترقی کی دوڑ میں ہم قدم بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد پورے ملک کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے اور اس اسکیم میں بھی بلوچستان کا حصہ 10 فیصد زیادہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر میرٹ اور ایمانداری کو زندگی کے ہر شعبے میں رائج کردیا جائے تو پاکستان چند برسوں میں ترقی کی اس منزل پر پہنچ سکتا ہے جس کا خواب قیامِ پاکستان کے وقت دیکھا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے قربانیاں دی گئیں، لیکن آج بھی اگر ہم میرٹ کو اپنالیں تو کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔”
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چین میں جدید زرعی ٹیکنالوجی، ہائبرڈ کاٹن سیڈ اور لائیو اسٹاک سے متعلق تربیت حاصل کریں تاکہ ملک میں ان شعبوں میں انقلابی بہتری لائی جا سکے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان میدانوں میں اصلاحات اور انتھک محنت ہی پاکستان کو آگے لے جا سکتی ہے۔
