وفاقی کابینہ کا 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
وزارت غذائی تحفظ کے مطابق یہ درآمد حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی اور تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جس پر فوری عمل درآمد شروع ہو رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق چینی کی درآمد کا مقصد قیمتوں میں توازن برقرار رکھنا ہے۔ اس بار درآمدی عمل کے لیے ماضی کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور شفاف حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ماضی میں مصنوعی قلت پیدا کر کے سبسڈی پر انحصار کیا جاتا رہا، جو اس بار نہیں ہوگا۔
پنشن میں 7 فیصد اضافہ، سرکاری اخراجات پر نئی پابندیاں برقرار
ادھر کراچی میں چینی کی قیمت ریٹیل سطح پر 190 سے 200 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں بھاؤ 179 روپے فی کلو ہے۔ صرف عاشورہ کے بعد قیمت میں 3 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 15 مئی سے اب تک ہول سیل میں چینی کی قیمت 13 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل میں 20 سے 30 روپے فی کلو بڑھ چکی ہے۔
