سانحہ سوات: انکوائری کمیٹی ڈیڈلائن میں رپورٹ پیش کرنے میں ناکام

سانحہ سوات سے متعلق قائم کی گئی انکوائری کمیٹی مقررہ مدت میں اپنی رپورٹ جمع کرانے میں ناکام رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سانحے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی کو 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم تاحال رپورٹ جمع نہیں کرائی جا سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے تحقیقات کے دوران 50 سے زائد متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے، جن میں ریسکیو، آبپاشی، ریلیف، پی ڈی ایم اے، ٹی ایم اے اور دیگر اداروں کے حکام شامل ہیں۔
پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ جاری، پی ڈی ایم اے کا متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم
انکوائری کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور آئندہ 2 سے 3 روز میں پیش کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 27 جون کو دریائے سوات میں اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 10 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
