تونسہ: سی ٹی ڈی کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک

تونسہ شریف کے نواح میں سی ٹی ڈی کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران بڑی دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشن ایک سرحدی گاؤں کے قریب خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی تصدیق کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سی ٹی ڈی ٹیم پر دہشتگردوں نے شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو طرفہ جھڑپ ہوئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ انتہائی خطرناک دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے پانچ ساتھی زخمی حالت میں نزدیکی جنگل کی جانب فرار ہو گئے۔

آپریشن کے دوران موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ، تین تیار شدہ دیسی ساختہ بم (IEDs)، دستی بم، رائفلیں، گولیاں اور دیگر بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق دہشتگرد کسی بڑی تباہ کن کارروائی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے، جسے بروقت مداخلت کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔

کراچی: لیاری میں عمارت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی، ملبہ ہٹانے کا کام جاری

 

فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش میں علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ رومانی اور دیگر قریبی مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے تاکہ کوئی مشتبہ فرد علاقہ چھوڑ نہ سکے۔

ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق پانچ میں سے چار لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ ایک لاش ان کے ساتھی ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے کسی بڑی تنظیم سے تعلق کے امکانات پر تفتیش جاری ہے۔

Back to top button