افغان سرزمین سے دہشت گردی پاکستان کے لیے مسلسل خطرہ ہے : پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پاکستان کےلیے ایک سنگین اور مسلسل خطرہ ہے۔ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کےلیے خطرے کا باعث ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورت حال پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہمیں افغان سرزمین سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی دراندازی کا سامنا ہے، جو پاکستان کی قومی سلامتی کےلیے براہ راست خطرہ ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیار پاکستان پر حملوں میں استعمال کیے جارہے ہیں، اور یہ امر باعث تشویش ہے کہ افغان سرزمین دہشت گرد سرگرمیوں کےلیے استعمال ہو رہی ہے۔ افغانستان کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کا مرکز نہیں بننے دینا چاہیے۔
مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہاکہ ضروری ہے کہ افغانستان دوبارہ دہشت گردوں کےلیے محفوظ پناہ گاہ نہ بنے۔ القاعدہ، الخوارج، کالعدم ٹی ٹی پی اور بلوچ علیحدگی پسند اب بھی افغان سرزمین سے فعال ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان ایڈیشنل سیکریٹری سطح مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے اس امر پر اتفاق کیا تھاکہ دہشت گردی خطے کے امن کےلیے بڑا خطرہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، ان مذاکرات میں پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا اور کہاکہ یہ گروہ نہ صرف پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ علاقائی ترقی کی راہ میں بھی رکاوٹ ہیں۔
ترجمان کےمطابق، مذاکرات میں دونوں فریقین نے باہمی تجارت اور ٹرانزٹ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
