دہشتگردوں کا ایف سی پوسٹ پر حملہ ناکام، 2 جہنم واصل، حوالدار شہید

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایف سی کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کا فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا گیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ حوالدار وطن پر قربان ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی میں ایک خودکش بمبار اور انتہائی مطلوب دہشت گرد عمر عرف عمری سمیت دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد عمر عرف عمری ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے میں ملوث تھا، دہشتگرد عمرسکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کیخلاف شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگردہشت گردوں کی تلاش کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بہادرجوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ژوب میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر دہشتگرد حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل سد باب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں حوالدار جمشید خان کی شہادت پر اظہار افسوس کیا، وزیراعظم نے شہید کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے جوان دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، شہیدوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل سد باب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

 

Back to top button