گولڈمیڈل جیتنےپرپلاٹوں کااعلان دعوؤں تک محدود تھا،ارشدندیم

معروف پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے انکشاف کیا ہے کہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد کیے گئے پلاٹس کے تمام وعدے محض اعلانات تک محدود رہے، اور انہیں صرف نقد انعامات ہی موصول ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کے ساتھ اولمپکس میں نہ صرف نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ پاکستان کو 40 برس بعد گولڈ میڈل بھی دلایا۔ اس کے بعد رواں سال ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے سونے کا تمغہ جیت کر دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔

ان کی ان شاندار کامیابیوں کے بعد متعدد سرکاری و نجی اداروں، سیاسی شخصیات اور تاجروں نے کروڑوں روپے، رہائشی پلاٹس اور دیگر انعامات دینے کے وعدے کیے۔

تاہم حال ہی میں انسٹاگرام پر جاری کی گئی ’داستان ڈیجیٹل‘ کی ایک ویڈیو میں ارشد ندیم نے انکشاف کیا کہ اگرچہ نقد انعامات انہیں مل چکے ہیں، لیکن جن پلاٹس کا اعلان کیا گیا تھا، وہ تاحال نہیں ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلاٹس سے متعلق تمام وعدے محض زبانی دعوے ثابت ہوئے اور عملی طور پر کچھ بھی نہیں ملا۔

اس کے باوجود ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ بھی بھرپور محنت جاری رکھیں گے تاکہ مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کر سکیں۔

Back to top button