عدلیہ کو اپنا غلام بنانے کیلئے آئین میں ترمیم کی گئی،شاہد خاقان عباسی

عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئیر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدلیہ کواپنا غلام بنانے کیلئے آئین میں ترمیم کی گئی۔

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین کا لفظ حکومت کے لیے خوفزدہ کردینے والا لفظ بن گیا ہے،ملک میں آواز دبانے کے لیے قوانین بنائے جاتے ہیں، عدلیہ کو کمزور کرنے  کیلئےآئین میں ترمیم کی گئی۔

شاہد خاقان نے کہا کہ ملک میں آواز دبانے کے لیے پیکا قانون بنایا گیا، عدلیہ کو کمزور کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 6 فروری 2025 کو حکومت اور اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ محاذ قائم کرنے کے لیے ایک اور کوشش کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو حکومت مخالف تحریک کا حصہ بنالیا تھا۔

پی ٹی آئی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کی قیادت شاہد خاقان عباسی کریں گے، یہ فیصلہ بنی گالہ میں سابق اسپیکر اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے جمع ہونے کے بعد کیا گیا۔

اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ راجا ناصر عباس، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور دیگر نے شرکت کی تھی۔

Back to top button