حکومت مضبوط اور پی ٹی آئی محدود ہوگئی ہے : شیر افضل مروت

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ حکومت مضبوط اور پی ٹی آئی محدود ہوئی ہے،پی ٹی آئی نے غلطیوں پر مبنی فیصلے کیے، موجودہ حالات سے تحریک انصاف کا ورکر بھی مایوس ہے۔
پی ٹی آئی سے بے دخل رہنما شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مفاہمت سے عمران خان کی رہائی ہوئی تو وہ ڈیل ہوگی، ایسا ہوتا ہے تو پی ٹی آئی کی مقبولیت کو نقصان ہوگا،مجھے یہ بیل منڈھے چڑھتے نظر نہیں آرہی، اگر پارلیمان میں رہنا ہے تو ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپیل شاید نہیں لگے گی،پی ٹی آئی کی حکمت عملی ناکامی کا شکار ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں لگتا کہ عمران خان ہمدردی کی بنیاد پر رہا ہوں گے، سوال یہ ہےکہ پی ٹی آئی کو مفاہمت سے کیا ملے گا،علیمہ خان کے بیٹوں سے متعلق میں نے ایک رائے دی تھی، عمران خان کو مائنس کرنے سے متعلق علیمہ خان کے بیان سے پارٹی کو نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف گالم گلوچ کی جا رہی ہے،مجھے آج بھی پی ٹی آئی سے ہمدردی ہے، اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات کم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ حکومت مضبوط اور پی ٹی آئی محدود ہوئی، پی ٹی آئی نے غلطیوں پر مبنی فیصلے کیے، موجودہ حالات سے تحریک انصاف کا ورکر بھی مایوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو فرق نہیں پڑتا میں پارٹی میں رہوں یا نہ رہوں، میں خود عمران خان کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں، جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی تب تک واپس نہیں جاؤں گا، پی ٹی آئی کو چھوڑنے سے متعلق ابھی کوئی حتمی بات نہیں کرسکتا۔
