خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 406 تک پہنچ گئیں

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 406 ہوگئی، جب کہ زخمیوں کی تعداد 247 رپورٹ ہوئی ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 15 اگست سے اب تک ہونے والی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاں بحق افراد میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 179 مرد، 38 خواتین اور 30 بچے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کےمطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کےمطابق صوبے بھر میں اب تک 3526 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 2945 گھروں کو جزوی جب کہ 577 کو مکمل طور پر نقصان ہوا۔
سب سے زیادہ اموات ضلع بونیر میں ریکارڈ کی گئیں جہاں 337 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں،جب کہ صوابی میں اموات کی تعداد 46 ہوگئی۔دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، مانسہرہ، باجوڑ، دیر لوئر، شانگلہ، بٹگرام اور ڈی آئی خان شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہےکہ امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے۔پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورت حال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا موسمی معلومات کےلیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
