محمود خان اچکزئی کی حکومت کو مذاکرات کی دعوت

قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکرات کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ غلطیوں کی اصلاح ممکن ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر قومی معاملات کو آگے بڑھانا چاہیے۔
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو کہتا ہوں کہ غلطیوں کی اصلاح ہوسکتی ہے، آئیں بیٹھیں اور معاملات کو آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے اس ایوان کی مضبوطی کےلیے ہر مظلوم کا ساتھ دیا، کیا جیتے ہوئے لوگوں کو ہروانا آئین کی خلاف ورزی نہیں ہے؟
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آپ کے کسانوں نے پیاز ٹماٹر آلو جانوروں کے سامنے پھینک دیے،فیڈریشن صوبوں کو پیسے دیتی ہے آپ نے صوبوں سے لےلیے۔
وزیر اعظم کی اپوزیشن کو میثاق جمہوریت کی دعوت
محمود خان اچکزئی نے کہاکہ شہباز شریف سے کہتا ہوں اس پارلیمنٹ کو مضبوط کرو،اسی میں ملک کا بھی فائدہ ہے اور عوام کا بھی، میں آپ کی غیر مشروط حمایت کروں گا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ایک معاہدہ کریں تاکہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں نہ کھینچیں،جو انتخابات جیتے گا وہ 5 سال تک حکومت کرے گا۔
