وزیر اعظم کی اپوزیشن کو میثاق جمہوریت کی دعوت

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئین، قانون اور جمہوریت کو فروغ دینے کےلیے آج پھر اپوزیشن کو میثاق جمہوریت کی دعوت دیتا ہوں۔
قومی اسمبلی کے بجٹ کےحوالے سے جاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ تمام معزز اراکین قابل احترام ہیں،ایوان میں چاروں صوبوں سے اراکین منتخب ہوکر آئے ہیں،سب کی سیاست،وژن اور خیالات اپنے اپنے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور سب کی مشترکہ ذمہ داری ہےکہ ملک کو مضبوط اور مستحکم بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایوان ایک گھر کی مانند ہے جہاں پورے پاکستان سے منتخب اراکین موجود ہیں۔اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیاکہ تمام سیاسی قوتوں کو مل کر پاکستان کی ترقی،استحکام اور خوش حالی کےلیے کردار ادا کرنا ہوگا،اس کےلیے جو بھی قربانی دی جائےوہ کم ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبوں کےلیے معاشی وسائل ان کا حق ہے،بلوچستان پاکستان کا بہت خوبصورت صوبہ ہے،بلوچستان میں غیور اور دلیر عوام بستے ہیں،این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ 100 فیصد بڑھایا گیا۔یہ بلوچستان کے عوام پر کوئی احسان نہیں تھا،بلوچستان کے این ایف سی کےلیے تمام صوبوں نے کردار ادا کیا،سب سے زیادہ حصہ پنجاب نے دیا،بلوچستان کے کسانوں کو اربوں روپے کے سولر پینلز دیے گئے۔
وزیراعظم نے کہاکہ برابری اور انصاف کے بغیر تو گھر نہیں چلتا،چاروں صوبوں کو برابر ترقی دینا میری ذمہ داری ہے،چند دن قبل ہیلی کاپٹر حادثے میں افواج کے افسران اور جوان شہید ہوئے،بلوچستان میں دہشت گردی ہو رہی ہے، سب جانتے ہیں دہشت گردی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔دہشت گردوں کو مدد فراہم کی جا رہی ہے، گوادر سے چمن تک شاہراہ کی تعمیر میں 300 ارب روپے سے زائد خرچ کیا جا رہا ہے،خیبرپختونخوا میں بھی دہشت گردی ہو رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان شہید ہو رہے ہیں۔
ای سی سی کی خیبرپختونخوا کو 50 ہزار میٹرک ٹن اضافی گندم فراہم کرنے کی منظوری
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہداء قوم کے کروڑوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں،ہمیں مل کر اپنے شہداء کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہئے، شہداء کا احترام نہیں کریں گے تو دنیا ہمارے بارے میں کیا سوچے گی، دہشت گردی کے خلاف غفلت پر قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔
