اسحاق ڈار کا سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ، امریکا-ایران مذاکرات پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ اِگنازیو کاسِس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کےلیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ اِگنازیو کاسِس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ مفاہمت کےلیے جاری کوششوں اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سوئس وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی سرگرمیاں جلد خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔
دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیاکہ علاقائی صورت حال کے حوالے سے قریبی رابطہ برقرار رکھاجائے گا اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کےلیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت کرتا ہے۔
