27 ویں آئینی ترمیم کے لیے حکومت کے پاس ووٹ مکمل ہیں ، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے حکومت کے پاس ضروری ووٹ موجود ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے کسی رکن کی پارلیمان میں موجودگی ضروری ہے، اور ترمیم کے حوالے سے حکومت کو مکمل حمایت حاصل ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ آج ہی سینیٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری متوقع ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون و انصاف نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تمام 49 شقوں کی منظوری دے دی تھی، جس کے بعد امکان ہے کہ آج سینیٹ اجلاس میں یہ ترمیم پیش کی جائے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم پیش کریں گے۔

دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے ترمیم کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف تحریک چلانے اور پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں رکاوٹ ڈالنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

Back to top button