عالمی برادری اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لائے : اسحاق ڈار

 

 

 

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی برادری سے غزہ میں جرائم کے مرتکب اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ اپنی بدترین شکل اختیار کرچکا ہے، عالمی برادری کی خاموشی انسانیت کے ضمیر پر داغ ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور مسئلہ فلسطین پر اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی جنگی جرائم کو اجاگر کیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں،انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، 10 لاکھ سے زیادہ لوگ بےگھر ہیں، غزہ میں انسانی المیہ جنم لےچکا ہے اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مطالبہ کیاکہ عالمی برادری اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لےکر آئے۔غزہ نہ صرف انسانیت کا قبرستان بن چکا ہے بلکہ عالمی ضمیر کا بھی۔اب وقت الفاظ کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کا ہے،سلامتی کونسل اور عالمی برادری کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ فلسطینی عوام کو انصاف،تحفظ اور آزادی مل سکے۔

 

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیاکہ خون ریزی کے اس سلسلے کو روکنے کےلیے فوری،غیرمشروط اور مستقل جنگ بندی کی جائے۔ غزہ تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنائی جائےاور محاصرہ ختم کیاجائے تاکہ متاثرہ عوام کو زندہ رہنے کا حق مل سکے۔

 

 

 

Back to top button