میڈیکل ٹیم نے فخرزمان کو مکمل فٹ قرار دیدیا

سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں گیند ہیلمٹ پر لگنے کے واقعے کے بعد اوپنر فخر زمان کو میڈیکل ٹیم نے مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں فاسٹ بولر دشمناتھا چمیرا کی تیز گیند فخر زمان کے ہیلمٹ پر لگی، جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں فخر نے میدان میں واپس آکر 19 گیندوں پر 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

میڈیکل ٹیم کے مطابق فخر زمان کو کسی قسم کی تکلیف یا سر درد کی شکایت نہیں ہے، تاہم وہ بدستور طبی نگرانی میں ہیں۔ آئی سی سی قوانین کے تحت سر پر گیند لگنے کے بعد کھلاڑی کو 18 سے 20 گھنٹے مانیٹر کیا جاتا ہے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق آج رات دبئی میں ایک بار پھر فخر کی حالت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فخر زمان خیریت سے ہیں اور توقع ہے کہ وہ جمعرات کو بنگلا دیش کے خلاف میچ میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

Back to top button