اپوزیشن اتحاد کا 27 ویں ترمیم کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین تحریک محمود اچکزئی نے اعلان کیا کہ آج سے تحریک شروع ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ کو کام کرنے نہیں دیا جائے گا۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ آج رات ساڑھے 8 بجے سے احتجاجی نعرے شروع ہوں گے اور آج کا نعرہ ہوگا: "ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے”۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ترمیم صرف چند شخصیات کے مفادات کے لیے کی جا رہی ہے اور عوامی مفاد کے خلاف ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ 27 ویں ترمیم اشرافیہ کے فائدے اور نقصان کو سامنے رکھ کر کی گئی ہے، جبکہ آئین کا مقصد شخصیات نہیں بلکہ ملک کے عوام کی حفاظت کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے آئین میں تبدیلیاں کر رہی ہے۔
سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ اور عدلیہ کو کمزور کیا جا رہا ہے اور ملک کے آئینی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق اور جمہوری عمل پر اثر ڈالنے کی یہ کوشش کسی صورت قابل قبول نہیں۔
تحریک تحفظ آئین نے اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، دھرنے اور دیگر پرامن احتجاجی سرگرمیاں جاری رہیں گی تاکہ 27 ویں ترمیم کے خلاف عوامی رائے کو مضبوط انداز میں پیش کیا جا سکے۔
