کال سینٹرز بھتہ خوری کیس : NCCIA کے 13 افسران کے خلاف مقدمہ درج

اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے نے کال سینٹرز سے کروڑوں روپے بھتہ لینے کے سنگین الزامات پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے مزید 13 افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ ایف آئی اے اسلام آباد میں درج کیا گیا ہے جس میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز، راولپنڈی زون کے افسران سمیت کئی اہم شخصیات کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر F-11 میں قائم 15 غیر قانونی کال سینٹرز سے کروڑوں روپے بھتہ وصول کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق نامزد افسران ماہانہ بنیادوں پر بھتہ وصول کرتے رہے، جب کہ بھتہ خوری کے معاملات کو چھپانے کے لیے ایک فرنٹ مین کے ذریعے رقوم اکٹھی کی جاتی تھیں۔
تحقیقات کے مطابق مرکزی فرنٹ مین نے ایک خاتون سے کروڑوں روپے وصول کیے تاکہ اس کے شوہر اور 13 غیر ملکی شہریوں کو قانونی کارروائی سے بچایا جا سکے۔ مقدمے میں ایک غیر ملکی شہری اور ڈیل کرانے والا مقامی شخص بھی شریکِ جرم قرار دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ایک مرکزی ملزم ماضی میں NCCIA سندھ کا ڈائریکٹر بھی رہ چکا ہے اور اس پر کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کو دبانے کے الزامات بھی عائد ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق مقدمے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ مزید گرفتاریاں اور ادارہ جاتی انکوائری متوقع ہے۔
