ہر وزارت کی کارکردگی ہر دو ماہ بعد جانچی جائے گی،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر دو ماہ بعد تمام وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور جہاں خامیاں ہوں گی، انہیں دور کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر تادیبی اقدامات سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری کابینہ کو ڈیڑھ سال مکمل ہو چکا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہر وزارت کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر پرکھا جائے۔ اچھے نتائج پر تحسین دی جائے گی، لیکن جہاں بہتری کی گنجائش ہوگی، وہاں اصلاح کی جائے گی، چاہے اس کے لیے تادیبی کارروائی ہی کیوں نہ کرنی پڑے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو غلط بیانی یا جھوٹا تاثر دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صرف کارکردگی اور قوم کی خدمت ہماری ترجیح ہے۔ جو معیار پر پورا اترے گا، وہ ہمارے سروں کا تاج ہو گا، اور جو نہیں اترے گا، اُسے اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے گا۔

وزیراعظم نے محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پُرامن انعقاد پر قوم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پرامن فضا بین الصوبائی ہم آہنگی اور اتحاد کا مظہر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے پورے ملک، بالخصوص سوات میں افسوسناک جانی نقصان ہوا، جس سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ کے لیے جامع تیاری ضروری ہے۔ این ڈی ایم اے اب ایک فعال ادارہ بن چکا ہے، اور ہم اسے مزید مؤثر بنائیں گے۔

کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچنا سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے، اور ہم معیشت کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔

Back to top button