وزیرِاعظم آذربائیجان سےاُزبکستان پہنچ گئے

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کا2روزہ دورہ ختم کرکےباکو سے ازبکستان کےشہرتاشقند پہنچ گئے۔
ازبکستان کےصدرشوکت مرزیایوف کی خصوصی دعوت پر وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے2روزہ دورۂ ازبکستان کیلئےتاشقند پہنچ گئے۔
اُزبکستان کےوزیرِاعظم عبداللہ عاریپوف،ازبک وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف، ازبکستان کےپاکستان میں سفیرعلی شیر تختائیف اور پاکستان کےازبکستان میں سفیر احمد فاروق سمیت اعلی سفارتی و سرکاری اہلکاروں نےوزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
تاشقند ہوائی اڈےپروزیرِ اعظم اورپاکستانی وفد کےاستقبال کیلئےازبک مسلح افواج کا چاک و چوبند دستہ بھی موجود تھا۔
وزیرِ اعظم تاشقند میں یادگارآزادی کادورہ کریں گےجہاں وزیرِاعظم پھولوں کی چادر چڑھا کر ازبکستان کی عظیم تاریخی شخصیات کوخراج عقیدت اور ازبکستان کی تعمیرو ترقی،غیور و محنتی ازبک عوام کیلئےنیک خواہشات کااظہار کریں گے۔
وزیرِ اعظم کواس موقع پریادگار پر تعمیر کردہ ازبکستان کی3000 سالہ تاریخ کی منبت کاری کا دورہ کروایاجائے گااوربریفنگ دی جائے گی۔
وزیر اعظم ازبک صدرشوکت مرزیایوف سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے جس میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین علاقائی روابط،تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم کےشعبوں میں تعاون کےمزید فروغ پر گفتگو ہوگی۔
دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کےعالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوگا، ملاقات کے بعد پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔
پاکستان اور اُزبکستان کی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے مابین تعاون کو بڑھانے کیلئے تاشقند میں پاکستان اور اُزبکستان بزنس فورم کا انعقاد بھی ہوگا جس میں وزیرِاعظم شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
وزیرِاعظم اُزبکستان کی تعمیری صنعت کے مشاہدے کیلئے تاشقند میں قائم ٹیکنو-پارک کا دورہ بھی کریں گے۔
