کُرم امن معاہدے پر باقی ارکان نے بھی دستخط کردیے، کل پہلا قافلہ روانہ کرنے کی تیاریاں مکمل

یکم جنوری کو طےپانے والے کُرم امن معاہدے پر باقی 6 ارکان نےبھی دستخط کردیے جبکہ امن معاہدے کے تحت پہلا قافلہ کل پاراچنار روانہ کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئیں۔
ذرائع کےمطابق کرم امن معاہدے کے تحت امن کمیٹیاں بھی قائم کردی گئی ہیں جن میں مقامی افراد، قبائلی اورسیاسی قیادت شامل ہےانہی امن کمیٹیوں کی ضمانت پر اشیائےخوردنوش اور سامان پرمشتمل گاڑیوں کاقافلہ پارا چنار روانہ ہوگا۔
سرکاری ذرائع نےبتایاکہ کرم کی مقامی امن کمیٹی میں سابق ایم این اے پیر حیدرعلی شاہ، فیض اللہ اور حسین علی شاہ سمیت 27 ارکان جبکہ اپر کرم سےسابق سینیٹر سجاد حسین طوری اور ایم پی اے علی ہادی سمیت 48 ارکان شامل ہیں۔
ذرائع کےمطابق 80 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کل صبح 10 بجے ٹل سے پارا چنار روانہ ہوگا جس کے بعد آئندہ چند روزمیں مسافرگاڑیوں کو بھی کانوائے کی صورت میں لے جانے کا امکان ہے۔
محمود اچکزئی نے حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات پر سوال اٹھا دیا
سرکاری ذرائع کا کہنا ہےکہ قافلے میں کھانے پینے کی اشیا اور ادویات بھی شامل ہوں گی، قافلہ علی زئی، بگن ، پارا چنار سمیت کرم کےمختلف علاقوں کو جائے گا ، کھانے پینے کی اشیا علی زئی، بگن ، پارا چناراور کرم کے دیگرعلاقوں میں پہنچائی جائیں گی۔
سرکاری ذرائع کےمطابق قافلے کی حفاظت پولیس کرے گی اور کسی ہنگامی صورتحال میں دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت موجود ہوں گے۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں کرم میں امن کیلئے گرینڈ جرگے میں فریقین نے دستخط کیے تھے اور امن معاہدے کے تحت مختلف مراحل میں مقامی افراد نے پندرہ دن میں اسلحہ ریاست کوجمع کرانے کا وعدہ کیا ہے۔
اس کےعلاوہ علاقےمیں بنکرز کا خاتمہ بھی ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
