امریکہ نے غیرقانونی بھارتی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرناشروع کردیا

امریکا نے غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کوڈی پورٹ کرنا شروع کر دیا، آج امریکی فوجی طیارہ ان افراد کو لے کر ہمسایہ ملک کے شہر امرتسر پہنچا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امیگریشن ایجنڈے کے تحت غیر متعینہ تعداد میں لوگوں کو ملک بدر کیا گیا۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پرواز 205 تارکین وطن کو واپس لائی، تاہم کچھ دیگر کی رپوٹس کے مطابق ان افراد کی تعداد 104 تھی، اور بنیادی طور پر ان کا تعلق شمالی ریاست پنجاب اور اور مغربی ریاست گجرات سے ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے امیگریشن ایجنڈے میں مدد کیلئےفوج کا استعمال کیا، اور بھارتی تارکین وطن کو فوجی ہوائی جہازوں کے ذریعے ڈی پورٹ کیا۔
پچھلی امریکی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی تارکین وطن کو وطن واپس بھیجا تھا، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ واشنگٹن نے اس مقصد کیلئےفوجی طیارے کا استعمال کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رپورٹ کیا تھا کہ سی-17 طیارہ تارکین کو لے کر بھارت کیلئےروانہ ہوا تھا، تاہم فلائٹ پبلک فلائٹ ٹریکرز پر نظر نہیں آئی، جبکہ مقامی نیوز ٹی وی چینلز نے طیارے کو امرتسر میں دکھایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ ماہ چارج سنبھالنے کے بعد سے بھارت اور امریکا کے درمیان تارکین وطن کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
