فلسطینی ریاست کے قیام کےلیے دنیا عملی اقدامات کرے : بلاول بھٹو

 

 

 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری فلسطین کے دو ریاستی حل کےلیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ فلسطینیوں کو درپیش مصائب انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر گہرا زخم ہیں،

فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب دنیا کےلیے لازم ہوگیا ہے کہ وہ دو ریاستی حل کے نفاذ کےلیے عملی پیش رفت کرے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ فلسطینیوں پر مسلسل جاری مظالم انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر گہری چوٹ ہیں۔فلسطین پر جاری قبضے کے دوران ہر معصوم جان کا ضیاع اور ہر گھر کا برباد ہونا دنیا کےلیے ایک کال ہے کہ وہ اخلاقی جراَت، انصاف اور ہمدردی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑی رہی ہے اور ان کے دیرینہ نامکمل خوابِ آزادی کی تکمیل تک ساتھ رہے گی۔عالمی برادری کو چاہیے کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین سے یکجہتی محض جذبات تک محدود نہیں ہونی چاہیے،بلکہ یہ انصاف اور پائیدار امن کی کوششوں میں ڈھلنی چاہیے۔

 

Back to top button