صوبےکی ترقی سےجلنےوالےجلتےرہیں،خدمت جاری رہےگی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکہناہے کہ جو لوگ پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، ان کے "دماغوں کی صفائی” بھی کی جا رہی ہے۔خدمت کاسلسلہ جاری رہے گا۔

لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک سال پہلے جب وہ لندن اور امریکا جاتی تھیں تو وہاں کی صفائی دیکھ کر دل میں خواہش ہوتی تھی کہ پنجاب اور پاکستان بھی اسی طرح صاف ہوں، آج وہ خواب حقیقت بن رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور اس کامیابی کا سہرا ان تمام کارکنوں کے سر ہے جنہوں نے دن رات محنت سے صوبے کو صاف بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صفائی کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے، جس پر انہیں فخر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دورِ حکومت کے بعد صفائی کا نظام تباہ ہوگیا تھا، "گوگی پنکی کے چار سالہ دور میں تباہی آئی، ہر محلے، سڑک اور گاؤں میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے تھے۔”

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک بار پھر وہیں سے خدمت کا سلسلہ شروع کیا جہاں چھوڑا گیا تھا، اور آج صفائی سمیت تمام شعبوں میں کارکردگی بہتر ہو چکی ہے۔

Back to top button