عسکری قیادت کو دھمکیاں: پاکستان کا برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری

برطانوی شہر بریڈ فورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے سامنے پی ٹی آئی کے احتجاج میں پاکستانی عسکری قیادت کو دھمکیوں کی ویڈیو سامنے آنے پر پاکستان نے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیمارش برطانوی شہر بریڈ فورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کےحوالے سے جاری کیا گیا،برطانیہ میں پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کے آفیشل اکاؤنٹ کو مظاہرین جمع کرنے کےلیے استعمال کیاگیا۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز اور قابل اعتراض زبان استعمال کی،احتجاج کے دوران فیلڈ مارشل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گیئں اور کہاگیا کہ ان کو ایک کار بم دھماکے میں قتل کردیا جائےگا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے برطانیہ کی سرزمین سے دی جانےوالی دھمکیوں کا سخت نوٹس لیا ہے،برطانوی حکومت پر زور دیتےہیں کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کےلیے استعمال نہ ہونے دے۔پاکستان امید کرتا ہےکہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کےمطابق جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
