ٹک ٹاکر سحر حیات نے سمیع رشید سے علیحدگی کی تصدیق کر دی

معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا شخصیت سحر حیات نے گلوکار سمیع رشید سے علیحدگی کی تصدیق کر دی ہے۔
سحر حیات اور سمیع رشید نے دسمبر 2022 میں نکاح کیا تھا، جس کے بعد جولائی 2023 میں ان کی پرتعیش شادی کی تقریبات خبروں میں نمایاں رہیں۔ سال 2024 میں جوڑے کے ہاں ایک بیٹی "آئرہ” کی پیدائش ہوئی تھی۔
کچھ عرصے سے دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، جن کی ابتدا میں سمیع رشید نے تردید کی تھی۔ تاہم اب سحر حیات نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے سوال کے جواب میں تصدیق کر دی ہے کہ وہ اور سمیع رشید اب ساتھ نہیں ہیں۔
انسٹاگرام پر ایک سوال و جواب سیشن کے دوران مداح کے سوال "کیا آپ آئرہ کی سنگل مدر ہیں؟” پر جواب دیتے ہوئے سحر حیات نے لکھا "میں اور سمیع رشید اب ساتھ نہیں ہیں، لیکن آئرہ کا باپ سمیع تھا، ہے اور رہے گا۔ اس بات میں ایک فیصد بھی فرق نہیں ہے۔ بیٹیاں باپ کے نام سے پہچانی جاتی ہیں اور میں اپنی بیٹی کو ماں باپ دونوں کی عزت کرنا سکھاؤں گی۔”
انہوں نے مزید کہا”جہاں تک آئرہ کے باپ سے ملاقات کی بات ہے، میں نے کبھی کسی کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ جو بھی قانونی فیصلہ ہوگا، وہی تسلیم کیا جائے گا۔ امید ہے اب اس موضوع پر دوبارہ بات نہیں ہوگی۔”
