سہ فریقی سیریز،نیوزی لینڈنےپاکستان کو78رنز سےشکست دیدی

سہ فریقی سیریز کےپہلےمیچ میں نیوزی لینڈ نےپاکستان کو78 رنز سے شکست دے دی، کیویز کی جانب سےمچل سینٹنر اور میٹ ہینری نے3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گلین فلپس کی جارحانہ سنچری کی بدولت مقرری50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے 9 کھلاڑی254 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ حارث رؤف باؤلنگ کے انجرڈ ہوکر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے جس کی باعث وہ بیٹنگ کے لیے بھی نہیں آئے اور مہمان ٹیم نے میچ 78 رنز سے جیت لیا۔
اس سے قبل، کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے ول یونگ اور رچن روینڈرا نے بالترتیب 4 اور 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ دارانہ بلےبازی کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، ولیمسن 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور ڈیرل مچل نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، وکٹ کیپر بلے باز ٹام لیتھم کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔
کیوی بلے باز گلین فلپس نے آخری لمحات میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، انہوں نے 71 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، ابرار احمد نے 2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کیوی کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ سیریز بہت اہم ہے اور پاکستان کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
قومی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ پہلے بیٹنگ کریں یا باؤلنگ، جبکہ جو اہم چیزیں چیمپئنز ٹرافی میں کرنا چاہتے ہیں اس سیریز میں اس کی تیاری کریں گے۔
پاکستان کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان ،فخر زمان، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور نسیم شاہ شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مچل سینٹنر (کپتان)، وِل ینگ، راچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، بین سیئرز اور وِل اورورکے شامل تھے۔
