ٹرمپ نے تھائی لینڈ،کمبوڈیا میں جنگ بندی کی کوشش شروع کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے میں ہیں اور ایک پیچیدہ صورتحال کو آسان بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ دونوں جنگ بندی اور امن کے خواہاں ہیں، اور فریقین سے مزید بات چیت کے بعد امید ہے کہ امن اور خوشحالی ممکن ہو سکے گی۔
جنگ بندی سے متعلق بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی جنگ کی صورتحال انہیں پاک بھارت تنازع کی یاد دلاتی ہے، جسے انہوں نے کامیابی سے روکنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یاد رہے کہ یہ صدر ٹرمپ کا پاک بھارت سیز فائر پر 26واں بیان ہے۔
دوسری جانب، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر جاری تین روزہ جھڑپوں میں اب تک دونوں ممالک کے 30 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
