ٹرمپ کےاضافی ٹیرف بھارتی اپوزیشن مودی سرکارپربرس پڑی

امریکی صدرٹرمپ کی جانب سے بھارتی مصنوعات پراضافی ٹیرف کے نفاذپربھارتی اپوزیشن مودی سرکارپربرس پڑی،راہول گاندھی نے سنگین الزامات عائدکردیئے۔

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جانب سے بھارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی ہے۔

 راہول گاندھی نے  ایکس پر لکھا کہ مودی "بے بس اور خاموش” ہیں کیونکہ وہ ٹرمپ کو جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں۔ ان کے بقول، مودی کی خاموشی کی وجہ روس سے تیل کی خریداری میں ہونے والی مبینہ کرپشن ہے، جس میں اڈانی گروپ بھی شامل ہے۔

بھارتی اپوزیشن لیڈرراہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر ٹرمپ اگر چاہیں تو مودی، اڈانی اور روسی تیل کے معاہدوں کے درمیان مالی تعلقات کو بے نقاب کر سکتے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مودی کی کرپشن چھپانے کی کوششیں ہی اُن کی بین الاقوامی بےبسی کا ثبوت ہیں۔

 راہول کے بقول، وزیرِ اعظم اب ملکی مفادات کے دفاع کے قابل نہیں رہے کیونکہ وہ اپنے قریبی سرمایہ دار ساتھیوں کے تحفظ میں لگے ہوئے ہیں۔ ایک دھمکی جو مودی کو چپ کرا رہی ہے، وہ یہ ہے کہ روسی تیل کے سودوں میں مالی کرپشن بے نقاب ہو سکتی ہے۔

راہول گاندھی نے سوال کیا کہ مودی ٹرمپ کو جواب کیوں نہیں دے رہے؟ کیا وہ بھارت کی عزت بچانے سے زیادہ اپنی کرپشن بچانے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟

Back to top button