شام کی تقسیم قبول نہیں،خومختاری کی حمایت کرتے ہیں،ترک صدر

ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں شام کی خودمختاری اور اتحاد کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کی جانب سے شام میں جاری حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسرائیل کو ایک "لاقانونیت پر مبنی، بگڑی ہوئی اور غیر اصولی دہشت گرد ریاست” قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں ترک صدر نے واضح کیا کہ "ہم نے شام کو ماضی میں تقسیم نہیں ہونے دیا، اور نہ ہی آئندہ ایسا ہونے دیں گے۔ اسرائیل دروز برادری کو جواز بنا کر شام میں مداخلت کر رہا ہے۔”
اردوان نے الزام لگایا کہ اسرائیل دروز اقلیت کی آڑ میں شام میں اپنی فوجی کارروائیوں میں اضافہ کر رہا ہے، جو مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے ایک خطرناک پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ "اسرائیلی جارحیت اب پورے خطے کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ جو قوتیں اسرائیل کا ساتھ دے رہی ہیں، وہ جلد یا بدیر اپنی سنگین غلطی کا احساس کریں گی۔”
صدر اردوان نے اُن ممالک اور قوتوں کو بھی خبردار کیا جو اسرائیل کے حامی ہیں یا اس پر اعتماد کر رہے ہیں کہ وہ اس پالیسی پر نظرِ ثانی کریں کیونکہ یہ فیصلہ خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
