متحدہ عرب امارات نے ویزے کیلئے نیا طریقہ وضع کر دیا

متحدہ عرب امارات نے ویزے کےلیے نئے قواعد جاری کرتے ہوئے زائد قیام پر جرمانے میں کمی کا اعلان کردیا.
متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق درخواست دہندگان کے لیے ویزا پراسیس فیس 69 امریکی ڈالرز فی کس ہوگی. سوائے ملازمت ویزا کے تمام ویزوں بشمول وزٹ، سیاحتی و فیملی ویزا کے لیے درخواست دہندہ خود آن لائن اپلائی کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ ویزا اپلائی کرنے کے بعد درخواست دہندہ کو سفارت خانہ/ ویزا سینٹر طلب کرنے کا نوٹیفکیشن بھیجا جائے گا۔عرب امارات کے سفارتخانے کے ترجمان نے بتایا کہ درخواست دہندہ کو مندرجہ ذیل ہدایات کا خیال رکھنا ہوگا۔درخواست دہندہ کو ویزا اپلیکیشن دستاویز کا ثبوت ساتھ رکھنا ہو گا۔درخواست دہندہ کو اپنے/ والدین/ سپانسر کی گذشتہ 6 ماہ کی دستخط/مہر شدہ بینک اسٹیٹمنٹ ساتھ رکھنا ہو گا۔دستخط/مہر شدہ بینک اسٹیٹمنٹ میں 5 ہزار امریکی ڈالرز یا مساوی رقم ہونا ضروری ہے۔ہوٹل ریزرویشن، گھر اور احباب یا رشتہ دار کے گھر کا دستاویز ساتھ لانا ہو گا۔سفارت خانے یا ویزا سینٹر آتے ہوئے کنفرمڈ ریٹرن ایئر ٹکٹ ساتھ لانا ہو گا۔اصلی قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کا کم از کم 6 ماہ کے لیے ویلڈ ہونا ضروری ہے۔
69امریکی ڈالرز فی ویزا درخواست مخصوص الفلاح بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانا ضروری ہو گا۔جمع شدہ ویزا فیس کی اصلی رسید سفارت خانہ یا ویزا سینٹر آتے ہوئے ساتھ لانا لازمی ہے۔5برس سے کم عمر بچوں کے لیے ویزا سینٹر آنا ضروری نہیں ہے بلکہ ان کے لیے صرف سفید بیک گراؤنڈ کے ساتھ پاسپورٹ سائز تصویر ضروری ہو گی لیکن وہ تصویر میں دھوپ والے چشمے نہ پہنے ہوئے ہوں۔6تا 15 برس کے بچوں کے لیے تصویر ساتھ لانے کی ضرورت نہیں ہے ان کی تصویر ویزا سینٹر میں ہی لی جائے گی۔
