فیلڈ مارشل کے اعزاز میں امریکی صدر کا ظہرانہ ایک بڑا سنگِ میل ہے : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ظہرانہ ایک بڑا سنگِ میل ہے،پاک امریکا تعلقات میں ایسی گرم جوشی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا شیڈول پہلے سے طے شدہ تھا،خطے میں اور خطے سے باہر اس دورے کے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے ۔
خواجہ آصف نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ اب دو طرفہ نہیں رہا،صدر ٹرمپ کی پیش کش کےبعد مزید اُجاگر ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کو چین سے 40 جے 35 لڑاکا طیارے ملنے کی خبر پر خواجہ آصف نے کہاکہ اگر بھارت اِن خبروں پر پریشان ہو رہا ہے تو اسے پریشان ہونےدیں،کوئی بھی ہتھیار حاصل کرنا ہمارا حق ہے۔
فیلڈمارشل عاصم منیرسے ملاقات میرے لئےاعزازہے،امریکی صدر
واضح رہےکہ بدھ کو فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا۔ ملاقات کےبعد اوول آفس میں میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔
صحافیوں سےگفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملنا ان کےلیے اعزاز ہے۔
