امریکی پابندیوں کا کوئی جواز نہیں، جوہری پروگرام پر ہر گز سمجھوتا نہیں ہوگا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ امریکا کی جانب سےہم پر جو پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں اورپاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
وفاقی کابینہ کےاجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ چند دن پہلے خوارج کےحملے میں 17سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت ہوئی اورہماری فورسز نے کئی خوارج کو جہنم رسید کیا، سپہ سالا خود گئے اور اہلکاروں کو حوصلہ دیا، تمام وسائل دہشتگردی کے خاتمے کے لیے لگا کر بھرپورمقابلہ کیا جا رہا ہے،جب تک دہشتگردی کا سر نہیں کچلا جاتا چین سےنہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نےکہا کہ خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں فرقہ واریت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،دونوں گروپ مسلحہ ہیں، کرم میں جب یہ قتل غارت گری ہورہی تھی اس وقت اسلام آباد پر چڑھائی کی جا رہی تھی۔
شہباز شریف نےکہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسزکے ساتھ ہیں، حکومت صوبوں کےساتھ مل کر دہشتگردی کےخلاف اقدامات کر رہی ہے۔
امریکا کا بھی سویلین کے ملٹری ٹرائل پر اظہار تشویش
بلیسٹک میزائل پروگرام کےحوالے سےامریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم پر جو پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں، پاکستان کا جوہری پروگرام صرف ملک کےدفاع کے لیے ہے اور یہ 24کروڑ عوام کا پروگرام ہے،پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
شہباز شریف نےکہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ گزشتہ روز کمیٹی کی میٹنگ ہوگئی ہے،قومی مفاد کو سامنے رکھ کر گفتگو ہوگی تو یکجہتی کو فروغ ملےگا،کسی کی نیت پر شک نہیں،امید ہے دونوں کمیٹیاں ایسا حل نکالیں گی جس کا ملک کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نےمزید کہا کہ 2018کے بعد مہنگائی سب سے کم سطح پر ہے،ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، ڈاکٹریونس سے قاہرہ میں مثبت گفتگو ہوئی،بنگلا دیش سے تعلق بن رہا ہے اور بنگلادیش کے لیےہماری چاول کی ایکسپورٹ ہو رہی ہے۔