کھاناکھانےکےبعدچہل قدمی صحت کیلئےمفید قرار

ماہرین صحت کاکہناہے کہ رات کا پیٹ بھرکھاناکھانےکےبعد چندقدم چہل قدمی سے صحت پرمفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مگر کھانے کے بعد کچھ منٹ چہل قدمی کرنے کو عادت بنانے کے فوائد دنگ کر دینے والے ہیں۔ جی ہاں واقعی یہ عادت متعدد خطرناک امراض سے تحفظ فراہم کرسکتی ہے جبکہ دیگر فوائد الگ ہوتے ہیں۔
پیٹ پھولنا، اضافی گیس، قبض، معدے میں تیزابیت یا بدہضمی جیسے مسائل کا سامنا کھانے کے بعد ہو سکتا ہے۔ مگر ان مسائل سے بچنے کا ایک بہترین طریقہ کھانے کے بعد کچھ دیر کی چہل قدمی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد چہل قدمی سے معدہ اور آنتیں متحرک ہوتی ہیں اور کھانا جلد ہضم ہوتا ہے، جس سے پیٹ پھولنے، قبض یا تیزابیت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ ہر قسم کی جسمانی سرگرمیوں سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔ چہل قدمی سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے جبکہ ہارٹ اٹیک، فالج اور دیگر امراض قلب کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر کھانے کے بعد 10 سے 15 منٹ کی چہل قدمی سے طویل المعیاد بنیادوں پر امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
