پاک فوج کی بہادری کی تاریخ قیامت تک پڑھی جائےگی،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند گھنٹوں میں پاک فوج نے بہادری کی وہ تاریخ رقم کی جو قیامت تک پڑھی جائے گی، 10 گھنٹے سے بھی کم وقت میں دشمن کو آپ نے مات دی۔

 وزیراعظم نے کامرہ ائیربیس کا دورہ کیا جس میں وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے دشمن کی برتری کی خوش فہمی کو خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کو یہ بتاسکتا ہوں کہ بلا خوف تردید 5 نہیں شاہینوں نے 6 جہاز مار گرائے ہیں۔فضائیہ کے شاہینوں کو عظیم کامیابی پرمبارکباد پیش کرتا ہوں، جوانوں نے جنگ میں دشمن کے دانت توڑے اور غرور کو خاک میں ملایا۔6 سے 10 مئی تک دنیا کو پاک فضائیہ نے اپنی اعلیٰ ترین مہارت سے حیرت میں ڈالا، پاکستان کی تاریخ میں اس سے زیادہ شاندار فتح ہمیں پہلے نصیب نہیں ہوئی تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کیا، دشمن کو پیغام مل گیا کہ اگر دوبارہ ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاؤں تلے روند دیں گے۔ہمارے جوانوں نے دنیا کی سوچ بدل کر رکھی دی، 10 مئی کو دنیا میں ایک ہی آواز اٹھی کہ جنگ پاکستان نے تکنیکی مہارت سے جیتی۔

وزیر اعظم شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ بھارت نے اربوں ڈالر خرچ کرکے جنگی آلات خریدے اور تاثر دیا کہ وہ اس خطے میں تھانیدار ہے، 10 مئی کو اس نام نہاد تھانیدار کا بت آپ نے پاش پاش کردیا، بھارت اب رہتی دنیا تک اس گھمنڈ اور غرور میں مبتلا نہیں ہوگا۔

Back to top button