عاشورہ : ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

 

 

 

 

9 محرم الحرام کے موقعے پر ملک بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کو پر امن بنانے کےلیے پولیس اور انتظامیہ نے فول پروف اور سخت انتظامات کر رکھے ہیں اور اس سلسلے میں سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں پولیس نے 9 محرم کو سیکٹر جی 6 سے برآمد ہونے والے جلوس کےلیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے ہیں اور پولیس کی ٹیمیں جلوس کے راستوں پر موجود ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول اور ٹریفک سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ اور چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔پولیس نے جلوس کے داخلی راستوں پر مکمل چیکنگ کے ساتھ ساتھ روف ٹاپ ڈیوٹیز، پٹرولنگ اور پوائنٹس ڈیوٹیز لگائی گئی ہیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے عاشورہ کے موقعے پر صوبے بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم دے رکھا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کےمطابق آئی جی کی ہدایت پر نویں محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت صوبے بھر میں 70 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دےرہے ہیں، جب کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 1 لاکھ 52 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر متعلقہ افسران سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں جب کہ محکمہ داخلہ،سیف سٹیز اتھارٹی، تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔اسی طرح سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز،جدید آلات سے سکیورٹی چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 

کراچی پولیس نے 9 محرم الحرام کے جلوسوں،مجالس اور حساس مقامات کی سکیورٹی کےلیے شہر بھر میں مجموعی طور پر 20,181 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں،جن میں 1,329 ٹریفک پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری بیان کےمطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی کےلیے 6,843 پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دےرہے ہیں،جن میں 1,016 ٹریفک پولیس اور 157 لیڈی پولیس اہلکار شامل ہیں۔

کراچی پولیس نے مرکزی جلوس کے روٹس پر سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کےلیے اضافی نفری،ریزرو فورس اور سنائپرز بھی تعینات کردیے ہیں جب کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع مددگار 15 پر دیں۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں عاشورہ کے موقعے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کو دی گئی بریفنگ کے مطابق محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کےلیے سیف سٹی نظام کے تحت شہر بھر کی نگرانی جدید کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے۔

بیان کےمطابق محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کےلیے مختلف مقامات پر نصب 347 کیمروں کے علاوہ 167 سرویلینس کیمرے بھی مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں اور سیف سٹی ہیڈکوارٹر پشاور سے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کی سکیورٹی صورت حال کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے،جن میں کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ہنگو،مردان، لکی مروت اور ٹانک شامل ہیں۔

آئی جی پولیس کےمطابق صوبے کے 14 اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کیےگئے ہیں، جن میں 6 اضلاع کو انتہائی حساس قراردیا گیا ہے۔سکیورٹی پلان کے تحت پولیس کے ساتھ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے،جب کہ حساس اضلاع میں ڈرون کیمروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں محرام الحرام کےدوران پولیس اور رینجرز نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔کوئٹہ پولیس کےمطابق محرم الحرام کے جلوسوں اور دیگر سکیورٹی انتظامات کےلیے 32 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ کوئٹہ میں یوم عاشور کے جلوس کے روٹ اور دیگر مقامات اور شہر کے خارجی و داخلی راستوں پر 17 ہزار سے زائد اہلکار متعین کیےگئے ہیں۔

 

ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کےمطابق سکیورٹی انتظامات کےتحت نویں محرم الحرام کو موبائل سروس معطل کردی گئی ہے،جو شام  تک بند رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ دسویں محرم الحرام کے مرکزی ماتمی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائےگی۔

Back to top button