9 مئی کیس،عمر ایوب، شبلی فراز ،فواد چودھری کے وارنٹ جاری

فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے9 مئی کیس میں عمرایوب، شبلی فراز، فواد چوہدری اور کنول شوزب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد میں9 مئی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نےمتعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سےقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور کنول شوزب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
چاروں رہنماؤں کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تھانہ سول لائن کے درج مقدمہ میں جاری ہوئے۔
واضح رہےکہ9 مئی2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سےملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائشگاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
