ہمیں اپنے رویوں میں قربانی، محبت اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا : صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں قربانی، محبت،بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا جب کہ بطور قوم ایک دوسرے کا سہارا بن کر پاکستان کو ایک عظیم اور خوش حال ملک بنانا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو دلی مبارک باد پیش کی اور کہاکہ عید الاضحٰی ہمارے ایمان، قربانی،ایثار اور بھائی چارے کے جذبےکو ازسر نو زندہ کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہاکہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی بےمثال اطاعت،قربانی اور تسلیم و رضا کی یاد تازہ کرتی ہے،یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہےکہ اللہ کی رضا کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

صدر مملکت کا کہنا تھاکہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ہی ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے،ہمیں حضرت ابراہیمؑ کے ایثار و قربانی  کی روح سے سبق سیکھنےاور اسے اپنی زندگیوں میں اتارنے کی ضرورت ہے۔

صدر پاکستان نے کہاکہ آج ہمیں معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کی ضرورت ہے،ہمیں یہ عہد کرنا چاہیےکہ ہم اپنے اطراف میں موجود ہر محتاج، بیمار،غریب اور مسکین فرد کا ہمیشہ خیال رکھیں گے۔

ہمیں اپنے رویّوں میں قربانی،محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا، ہمیں بطور قوم ایک دوسرے کا سہارا بن کر ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہو کر پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم بحیثیت ِقوم دلوں کو نفرت اور تعصب  سے پاک کریں گے، اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔

Back to top button