ہمیں خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں تربیت اور تعاون فراہم کرنا ہوگا : شہباز شریف

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہےکہ آج،خواتین کے عالمی دن کے موقع پر،ہم اس امر کی تجدید کرتے ہیں کہ خواتین ہمارے معاشرے کی معمار،ہمارے گھروں کا ستون اور ہمارے مستقبل کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ ہمیں خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں تربیت اور تعاون فراہم کرنا ہوگا۔
عالمی یوم خواتین کے حوالے سے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ ہمیں خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں تربیت اور تعاون فراہم کرنا ہوگا، پنجاب میں چلائےجانے والے سی ایم وومن امپاورمنٹ پروگرام کو پی ایم وومن امپاورمنٹ پیکج کے طور پر شروع کرچکےہیں، جب تک ہم خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کےمواقع فراہم نہیں کریں گے،تب تک ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ وومن امپاورمنٹ کو ترقی دینا حکومت کا عزم ہے،تاہم خواتین کو بااختیار بنانے کےلیے ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے، خواتین کو امپورٹ،ایکسپورٹ کے شعبوں سمیت مرکزی دھارےمیں لاکر ہی ہم پاکستان کو عظیم ملک بناسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں محنت،محنت اور صرف محنت کی ضرورت ہے،ملک میں خواتین کی تعداد 50 فیصد ہے،دیہی علاقوں میں ہماری خواتین اپنے گھر کے مردوں کے شانہ بشانہ زندگی کے ہر شعبے میں کام کرتی دکھائی دیتی ہیں،بالخصوص فصلوں کی بوائی،کٹائی اور مشینری کے استعمال میں بھی وہ مردوں کی طرح کام کررہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ خواتین گرم سرد موسموں میں بھی مردوں کی طرح کام کرتی دکھائی دیتی ہیں، بڑےشہروں میں دیکھیں،جہاں خواتین آپ کو ہر شعبے میں مردوں کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیتی ہیں، شہروں میں ہماری تعلیم یافتہ خواتین کو مزید آگےآنا ہوگا، تاکہ ہم پاکستان کو عظیم ملک بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔
شہباز شریف نےکہا کہ ماؤں کا اولاد کی تربیت میں کردار ہی قوموں کی تعمیر و ترقی کےلیے اہم ہے، ہمارے نبی کریم ﷺ اپنی صاحبزادی حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی آمد پر اپنی چادر ان کے استقبال میں بچھادیتے تھے، حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا خود تاجر تھیں، اسلام خواتین کے حقوق کی ترغیب دیتا ہے، اور ان کے شرعی دائرہ کار میں رہ کر کام کرنے پر پابندی نہیں لگاتا۔
انہوں نے کہاکہ چائلڈ لیبر بہت بڑا مسئلہ تھا،جب میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب ذمہ داریاں چھوڑیں تو الحمد اللہ پنجاب کے کسی ایک بھٹے پر ایک بھی بچہ مزدور نہیں تھا،ہم نے 19 ہزار سےزائد بچوں کو اینٹوں کے بھٹوں سے نکال کر اسکولوں تک پہنچایا۔
شاید علی امین گنڈا پورکسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں: کامران مرتضیٰ
وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے مخالفین کی حکومت نے پنجاب میں 1122 کا اچھا منصوبہ لانچ کیا،اس کےبعد ہماری حکومت آئی تو ہم نے اسے اچھا منصوبہ سمجھتے ہوئے پورے صوبے تک پھیلادیا، ہمارے یہاں سیاسی مخالفین کے اچھے منصوبے بند کر دیے جاتے ہیں،حالاں کہ یہ رجحان نقصان دہ ہے، اسےختم ہونا چاہیے۔
