اسلام آباد میں  ماحول دوست منصوبوں پرکام کیاجارہاہے،چیئرمین سی ڈی اے

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کاکہناہے کہ اسلام آباد میں آلودگی کے خاتمے کیلئے ماحول دوست منصوبوں پرکام کیاجارہاہے۔

z3 1

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد میں سموگ کے تدارک، فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی بہتری کے سلسلے میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں سینئر فنانشل سیکٹر اکانومسٹ اینڈریو میکارٹنی اور اے ڈی بی کی اربن ٹیم کے ارکان شامل تھے۔

ملاقات میں فضائی آلودگی میں کمی، ماحول دوست اقدامات اور اسلام آباد کے لیے جامع ماحولیاتی حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سموگ کے خاتمے، فضائی آلودگی میں کمی اور ماحول کے تحفظ کو اسلام آباد کی اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے، اور اس مقصد کے لیے پالیسی اقدامات کے ساتھ ساتھ متعدد ماحول دوست پراجیکٹس پر عمل جاری ہے۔ ان کے مطابق سی ڈی اے نے اپنی ای وی پالیسی میں نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کے ریگولیشنز کو اختیار کرلیا ہے جبکہ الیکٹرک گاڑیوں اور چارجنگ اسٹیشنز کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ سی ڈی اے اپنے وسائل سے 160 ماحول دوست الیکٹرک فیڈر بسیں اسلام آباد میں متعارف کرچکا ہے۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں کاربن اخراج پر قابو پانے کے لیے گاڑیوں کے ایگزاسٹ ٹیسٹ بھی جاری ہیں۔ فضائی معیار کی بہتر نگرانی کے لیے مزید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تنصیب پر بھی کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں فضائی آلودگی کے ایک بڑے ذریعےکچرےکے بہتر انتظام کے لیے جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ بھی متعارف کرایا جائے گا، جبکہ سائنٹیفک لینڈ فل سائٹ کے قیام کے لیے فیزیبلٹی اسٹڈی شروع کی جارہی ہے۔ ماحول دوست منصوبوں میں کاربن کریڈٹ کے حصول کے لیے مختلف پراجیکٹس زیر غور ہیں اور اس سلسلے میں گرین فنانسنگ کے حصول میں اے ڈی بی معاونت فراہم کر سکتا ہے۔

اے ڈی بی نے یقین دہانی کرائی کہ مشاورتی عمل کی تکمیل کے بعد وہ سی ڈی اے کو ماحول دوست اقدامات کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ ادارہ اسلام آباد کے پہلے ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان اور انٹر سٹی بس ٹرمینلز کے منصوبے میں بھی تکنیکی رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔

z2 1

ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں نے سموگ پر قابو پانے اور ماحول کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد میں فضائی آلودگی کو مؤثر طور پر کنٹرول کرنا اور شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی اور سی ڈی اے کی شراکت داری سے نہ صرف اسلام آباد کا ماحولیاتی معیار بہتر ہوگا بلکہ یہ پورے ملک کے لیے پائیدار ترقی کی مثال بھی بنے گا۔

Back to top button