بھارت اعزاز کا دفاع کریگا یا نیوزی لینڈ پہلی بار چیمپئن بنے گا؟ ورلڈ کپ کا فائنل آج

بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوپائے گا یا پھر نیوزی لینڈ پہلی بار چیمپئن بنے گا، ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا فائنل آج کھیلا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا فیصلہ کن میچ (فائنل) آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ کیا بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کر پائے گا یا پھر نیوزی لینڈ چیمپئن بن کر پہلی بار ٹرافی اٹھائے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں اگلے دو سال کے لیے حکمرانی کا تاج کس کے سر سجے گا، فیصلہ ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں۔ بھارت اگر جیتا تو مسلسل دو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ کیویز اگر فاتح رہے تو پہلی بار چیمپئن بن کر نئی تاریخ بنائیں گے۔
بھارت کو ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے میں صرف جنوبی افریقہ سے شکست ہوئی جب کہ نیوزی لینڈ کو گروپ میں جنوبی افریقہ اور پھر سپر ایٹ میں انگلینڈ نے ہرایا۔ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے راؤنڈ میچ کی شکست کا جواب دیتے ہوئے پروٹیز کو چاروں شانے چت کیا اور ان کے چوکر ہونے کے خطاب کو مزید پختہ کیا۔ بھارت انگلینڈ کو زیر کر کے فائنل تک پہنچا۔
بات کی جائے دونوں ٹیموں کی طاقت کی تو فریقین بیٹنگ پاور ہاؤس سے لیس ہیں۔ کیویز نے اگر سیمی فائنل میں 13 اوورز میں 170 رنز کا ہدف پورا کیا۔ تو بھارت نے ناک آؤٹ میچ میں 253 رنز بنا ڈالے۔ تاہم آج بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی کمال دکھانا ہوگا۔ جو پریشر کو قابو کر پائے گا، وہی چیمپئن کہلائے گا۔
فائنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ ۔ایک لاکھ تماشائی نریندر مودی اسٹیڈیم میں میچ کو دیکھیں گے۔ جبکہ میچ سے قبل شائقین میوزیکل کنسرٹ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
