نوجوانوں نے لائیو اسٹاک اسکیم کا خیر مقدم کیا، وزیر اعلی پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں نےلائیو اسٹاک اسکیم کا خیر مقدم کیا۔

پاکپتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کےاجرا کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ نوازشریف دور کے بعد ایک بار پھر معیشت کےلیےاچھی خبریں آنےلگی ہیں،ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے نئےمالی سال کا بجٹ شیڈول تیار

 

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے وقت پاکستان کے ڈیفالٹ اور ملک کے دیوالیہ ہونے کی خبریں آتی تھی، ملک کو سری لنکا سے ملایا جایا جاتا تھا۔

مریم نواز نےکہا کہ کئی حکومتیں ایسی دیکھی جو آخری وقت تک عوام کو کہتی تھی کہ ہم (منصوبوں)پر کام کرنا چاہتے تھے، ہم اس چیز سےباہرنکل آئے ہیں،عوام کو لائیو اسٹاک کا ثمر ملنا شروع ہوگیا ہے،عوام کو فائدہ پہنچنا شروع ہوا ہے اس لیے میں آپ کےپاس آئی ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہےاور استحکام نظر آرہا ہے، پنجاب واحد صوبہ ہےجس میں آٹےاور روٹی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، باقی صوبوں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے روز اپنی ٹیم سےبحث کرتی ہوں، 15 کروڑ عوام نے روٹی کھانی ہےاس لیےقیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دوں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ اب وقت ہےکہ معاشی بہتری کا ثمر عام عوام کو ملنا شروع ہو، لوگوں کےذرائع آمدن میں اضافہ ہونا چاہیے، عوام کےپاس اتنی استطاعت ہو کہ اپنے بچوں کو تین وقت کی روٹی کھلا سکیں۔

انہوں نےکہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کا پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہےجس میں عوام کو فی جانور ( اگر 10 سے کم جانور) ہیں تومذکورہ کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 70 ہزار روپے بلا سود 4 ماہ کے لیےدیئےجائیں گےتاکہ جانوروں کی بہترین دیکھ بھال کی جاسکے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس اقدام سے نہ صرف پنجاب کی عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمد میں بھی کار آمد ثابت ہوں گی،اس پروگرام کی کوئی لمبی چوڑی شرائط نہیں رکھی گئی،لائیو اسٹاک 20 ارب کا پروگرام ہے جس میں 11 ارب لائیواسٹاک کارڈ کے لیے مختص ہیں، 90 ہزار لوگوں کو یہ کارڈ دیا جائےگا اور 4 لاکھ جانوروں کے لیے کارڈ کے ذریعے پیسےرکھےگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےمزید کہا کہ جانوروں کی نشونما کو بہتر کرتے ہوئے اس کےگوشت کو برآمد بھی کیا جائے گا۔

مریم نواز نےکہا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ جانوروں کی ٹیگنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے،ہرجانور کو ایک کیو آر کوڈ دیا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں مطلوبہ ڈیمانڈ کا پتہ لگایا جاسکے اور ان کا مکمل ڈیٹا ہمارےپاس موجود ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرا آفس کسانوں کوروزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کالیں کرتا ہےتاکہ ان کےمسائل سنے جاسکیں، ہر روز رات کو سونے سے قبل میں اس ڈیٹا کا جائزہ لیتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی بار کسانوں کو 400 ارب روپےکا کسان کارڈ ملا ہے، ہماری جتنی بھی اسکیمیں ہیں اس کے لیےلاکھوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو لوگوں کے نوازشریف پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے، نواشریف اور اس کی بیٹی جو وعدہ کرتےہیں،پورا کرتے ہیں۔

Back to top button