ایس سی او اجلاس: کرغزستان کے وزیر اعظم اسلام آباد پہنچ گئے
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا 23 واں سربراہی اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں شرکت کےلیے غیرملکی مہمانوں کی آمد جاری ہے۔
اجلاس میں شرکت کےلیے کرغزستان کے وزیر اعظم ژاپاروف اکیل بیک پاکستان پہنچ گئے، جہاں نور خان ائیربیس پر وفاقی وزیر مصدق ملک نےان کا استقبال کیا اور اس موقع پر انہیں گلدستہ پیش کیاگیا۔
ایس سی او سربراہی اجلاس میں میزبان پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف، چین کے وزیر اعظم لی چیانگ،بیلاروس کے وزیر اعظم رومان گولوف چینکو، قازقستان کے وزیر اعظم اولڑاس بیکتینوف،روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستن،تاجکستان کے وزیر اعظم کوہر رسول زادہ، کرغزستان کے وزیر اعظم ژاپاروف اکیل بیک اور ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ اریپوف شرکت کریں گے۔
چین کےوزیراعظم کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں حمایت کی یقین دہانی
ایران کےاول نائب صدر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی شرکت کریں گے۔
سربراہی اجلاس میں منگولیا مبصرکےطور پر شرکت کر رہا ہے جس کی نمائندگی منگولیا کے وزیر اعظم کر رہے ہیں جب کہ ترکمانستان کی بطور مہمان خصوصی نمائندگی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد مریدوف کر رہے ہیں۔
دیگر مہمانوں میں ایس سی او کےسیکرٹری جنرل جانگ منگ،ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ اسٹرکچر رسلان مرزائیف، ورڈ آف ایس سی او بزنس کونسل کےچیئرمین عاطف اکرام شیخ اور کونسل آف ایس سی او انٹر بینک یونین کےچیئرمین مارات ییلی بائیف شامل ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف آج مہمانوں کےاعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
ایس سی او اجلاس میں معیشت،تجارت،ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔تنظیم کے رکن ممالک باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کےلیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔