تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو بھارت سے شکست

ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے تیسری پوزیشن کے میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دیدی۔
ڈھاکہ میں جاری ایونٹ کے میچ کی ابتدا سے ہی بھارتی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے منٹ کے پینالٹی کارنر پر ناکامی کے باوجود کھیل کے ابتدائی پانچ منٹ کے اندر ہی پہلا گول داغ دیا۔
پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے ہی کوارٹر میں ارفراز کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کر دیا، میچ کے دوسرے کوارٹر میں 7 پینالٹی کارنرز ملنے کے باوجود بھارتی ٹیم پاکستان کے شاندار دفاع کے باعث کوئی گول نہ کر سکی۔
یسرے کوارٹر میں پینالٹی کارنر پر گول کر کے پاکستان نے میچ میں پہلی مرتبہ برتری حاصل کی، جو زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی، بھارت نے سمیت کے گول کی بدولت مقابلہ 2-2 گول سے برابر کردیا۔
آخری کوارٹر میں ورن کمار اور آکاش دیپ سنگھ کے گول کی بدولت بھارت نے میچ میں دو گول کی برتری حاصل کرلی، میچ کے اختتام سے قبل احمد ندیم نے بھارت کی برتری کم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے تیسرا گول سکور کر دیا لیکن بھرپور کوشش کے باوجود بھی گرین شرٹس مقابلہ برابر نہ کر سکے۔

Back to top button