’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ بھارت میں ریلیز ہونے کا امکان

پاکستان سمیت عالمی سطح پر کمائی کا ریکارڈ قائم کرنے والی سپر ہٹ فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کو نئے سال کے آغاز پر بھارت میں ریلیز کرنے کا واضح امکان پیدا ہوگیا۔ 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم اب تک 250 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے۔ یوں ’’دہ لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کمائی کا ریکارڈ بنانے والی پہلی پاکستانی اور پہلی پنجابی فلم بن چکی ہے، حیران کن طور پر ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستان کے مقابلے میں غیر ملکوں کی زیادہ سینما سکرینوں پر پیش کیا گیا۔

گزشتہ ماہ نومبر کے اختتام پر ہی یہ خبریں آئی تھیں کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس اعلان کے بعد وہاں انتہاپسند ہندوؤں نے دھمکی دی تھی کہ پاکستانی فلم کو کسی صورت نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی لیکن اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فلم کو ممکنہ طور پر 30 دسمبر کو بھارت کے مخصوص علاقوں میں ریلیز کر دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ بھارت کا ’زی سٹوڈیو‘ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بھارت میں ریلیز کرنے کی تیاری میں مصروف ہے لیکن اس فلم کو ابتدائی طور پر بھارتی ریاست پنجاب اور دارالحکومت نئی دہلی میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایک بار فلم کو پنجاب اور نئی دہلی میں پیش کرنے کے بعد ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت کی بری ریاستوں کے مخصوص شہروں کی مخصوص سینما سکرینز پر بھی دکھایا جائے گا۔

اگرچہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پاکستانی فلم کو بھارت میں ریلیز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے ابھی تک زی سٹوڈیو نے کوئی اعلان نہیں کیا۔ یاد رہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے نئے معیار قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے کیونکہ اس نے پاکستانی سینیما کو 200 کروڑ کے کلب میں شامل کر دیا ہے۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے، اس فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، صائمہ بلوچ اور فارس شفیع کے علاوہ شفقت چیمہ، نیئر اعجاز، ریشم، بابر علی اور راحیلہ آغا جیسے تجربہ کار اداکاروں نے بھی کام کیا ہے۔

انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت عمارہ حکمت کی طرف سے پروڈیوس کردہ یہ فلم بلال لاشاری کے سکرین پلے اور ناصر ادیب کے مکالموں کے ساتھ 1979 کی ’مولا جٹ‘ کا تازہ ورژن ہے۔

Back to top button