عمران خان، آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی حیثیت سے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کے لیے جلد آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کا دورہ کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جلسہ عام سے خطاب کریں گے، وزیر اعظم کے لیے وہاں جانے کا بالکل ٹھیک وقت ہے لیکن وہ وزیر اعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی حیثیت سے جارہے ہیں۔
وزیر اعظم کیسے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کا حصہ بن سکتے ہیں؟ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے چیئرمین آزاد کشمیر میں عوامی جلسہ نہیں کریں گے تو کیا ہم میڈیا کے کچھ مالکان کو جاکر جلسہ کرنے کا کہیں گے؟
فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم آزاد ملک میں چلانا پی ٹی آئی کے چیئرمین کا حق ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے انتخابی اصلاحات پر بات چیت کے لیے اپوزیشن کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر یہاں دو پارلیمانی کمیٹیاں ہیں، ایک قانون سازی کا جائزہ لینے کے لیے جو حال ہی میں قومی اسمبلی نے منظور کی تھی اور دوسری انتخابی اصلاحات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی خواہش ہے کہ الیکشن (ترمیمی) بل 2021 جسے اسمبلی نے 7 جون کو منظور کیا تھا اس پر دوبارہ ایوان میں بحث کی جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت انتخابی قوانین اور نظام میں اپنی 49 مجوزہ تبدیلیاں پہلے ہی عوام اور حزب اختلاف کے سامنے رکھ چکی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی تجاویز کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ باضابطہ طور پر اس پر مزید کارروائی کرسکیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سید نوید قمر کو انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت سے بات کرنے کے لیے پہلے ہی اپنا فوکل پرسن نامزد کیا تھا جبکہ مرکزی حزب اختلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کوئی نام تجویز نہیں کیا۔