فائزر ویکسین مخصوص افراد کو لگارہے ہیں
وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہےکہ ہمارے پاس فائزر ویکسین کی تعداد محدود ہے اس لیے یہ مخصوص افراد کو لگائی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں ویکسی نیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پمز میں رش کم ہونے کی وجہ ویکسی نیشن سینٹر بڑھا دیے ہیں، پاکستان میں ویکسی نیشن سینٹر کی تعداد 1700 تک پہنچ چکی ہے جسے 4 ہزار تک لے جانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ایوان صنعت وتجارت کو ویکسین کے حوالے سے تعاون کا کہا ہے جب کہ مالز میں ویکسین کا آغاز اچھا ہے کیوں کہ مالز کا کاروبار بہت متاثر ہوا ہے، کاروبار کھولنا چاہتے ہیں اس لیے چاہتے ہیں ملک میں ویکسی نیشن کا عمل تیز ہو، کورونا ویکسین کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے، اسلام آباد رجسٹریشن اور ویکسین لگوانے کے حساب سے نمبر ون شہر ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ درجنوں ممالک میں چین کی ویکسین لگائی جارہی ہے، ہمارے ملک میں فائزر ویکسین کی محدود تعداد ہے اس لیے یہ مخصوص افراد کو لگائی جارہی ہے، حج پر جانے والوں اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والوں کو بھی فائزر لگائی جائے گی، اس کے علاوہ پاک ویک ویکسین بھی عوام کو لگ رہی ہے۔