نون لیگ میں شہباز شریف کے خلاف بغاوت کی صورتحال بن گئی

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے لندن میں غیرضروری طویل قیام پر پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے اضطراب کے بعد اب بغاوت کی سی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے بعد کچھ نون لیگی اراکین نے تو تحریک انصاف کیمپ سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔
تازہ ترین معاملہ یہ یے کہ نون لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پارٹی اراکین نے شہباز شریف سے فوری وطن واپسی کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے مسلم لیگ نون کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خوب گرماگرمی ہوئی۔ بیشتر لیگی راہنماؤں نے پارٹی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف کی بجائے نواز شریف کے بیانیے کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت ملک بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، اگر شہباز شریف وطن واپس آکر حکومت مخالف تحریک نہیں چلایئں گے تو ہمارا سیاسی مستقبل مزید تاریک ہو گا۔ لیگی اراکین نے موقف اختیار کیا کہ اپوزیشن لیڈر کو فوراً وطن واپس آکر عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہیے ورنہ اگلے الیکشن تک پارٹی عوام کی نظروں میں فارغ ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں میں لیگی راہنماؤں نے کھل کر دل کی بھڑاس نکالی اور شد ومد کے ساتھ پارٹی صدرشہباز شریف کی وطن واپسی کا مطالبہ کیا ۔ بیشتر رہنماؤں کا یہ کہنا تھا کہ بیمار نواز شریف ہیں لیکن شہباز شریف ان کی بیماری کی آڑ میں غیر ضروری طور پر لندن میں اپنا قیام بڑھاتے چلے جارہے ہیں جس سے پارٹی کے منتخب اراکین نے بھی مایوس ہو کر تحریک انصاف کے لوگوں سے ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔
واضح رہے کہ نوازشریف گزشتہ 17 ہفتوں سے برطانیہ میں علاج کی غرض سے مقیم ہیں اور تب سے شہباز شریف بھی اپنی سیاسی مصروفیات ترک کرکے لندن میں رکے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف کی پارلیمنٹ سے غیر حاضری پر تحریک انصاف حکومت کی جانب سے بھی بہت شور مچایا جارہا ہے حتیٰ کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط بھی لکھا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو ملک میں واپس لایا جائے ورنہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ کسی اور کے حوالے کیا جائے۔ مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی اکثر لیگی ارکان نے اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کی بیڈ گورننس کے باوجود مسلم لیگ نون لیڈرشپ کے فقدان کا شکار ہے، اور چار لوگوں نے پارٹی کو ہائی جیک کیا ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ نے کہا کہ ہم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی غیر مشروط حمایت کی جس پر پارٹی کو بے پناہ نقصان ہوا۔ بعض لیگی رہنماؤں نے کہا کہ میاں شہبازشریف کی مفاہمت کی پالیسی نون لیگ کے لیے زہر قاتل ثابت ہوئی ہے، ہمیں میاں نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر چلنا چاہیے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران لیگی ارکان کی جانب سے میاں شہباز شریف کے لندن قیام پراعتراضات کے بعد توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں شہباز شریف وطن واپس آکر سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے۔ تاہم دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف ڈیل کے تحت سیاست سے لاتعلق ہوگئے ہیں۔ جس طرح انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ چھوڑی بہت جلد وہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ بھی چھوڑ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button