ایک اور بھارتی اداکارہ کورونا وائرس سے ہلاک
بالی ووڈ کے نامور اداکار ایوشمان کھرانہ کے ساتھ فلم ’ڈریم گرل‘ میں کام کرنے والی اداکارہ رنکو سنگھ کورونا کے باعث ہلاک ہوگئیں۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے ستارے ایوشمان کھرانہ ہمیشہ چھوٹے بجٹ کی فلمیں بناتے آئے ہیں تاہم وہ ان فلموں میں اپنی اداکاری کی وجہ سے جان ڈال دیتے ہیں اور فلم کامیاب ہوجاتی ہے جس کے باعث ان کے ساتھ کام کرنے والے چھوٹے اداکار بھی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔
اداکار ایوشمان کھرانہ کی کامیاب فلم ’ڈریم گرل‘ جس میں ان کے مدمقابل اداکارہ نصرت بھروچہ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا تاہم فلم میں اداکارہ رنکو سنگھ بھی چھوٹے کردار میں دکھائی دی تھیں جن سے متعلق کچھ روز قبل خبر آئی تھی کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی ہیں اور خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
اداکارہ کے کزن کے مطابق کورونا میں مبتلا رنکو سنگھ کی حالت قرنطینہ کے دوران ہی کافی بگڑ گئی تھی جس کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا، وہ کچھ دن تک اس وائرس سے جنگ لڑتی رہیں تاہم گزشتہ روز کورونا کے باعث ہلاک ہوگئیں۔