شہبازحکومت چلی گئی،مہنگائی کم نہ ہو سکی،شرح 30.82فیصدپہنچ گئی

ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے۔ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی شرح 30.82 فیصد تک پہنچ گئی۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 5 کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے پسی ہوئی مرچ کا 200 گرام پیکٹ 13 روپے ، 390 گرام کا پیکٹ والا دودھ 28 روپے، دال ماش 15 روپے، دال مونگ 3روپے، دال مسور 2 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات نے بتایاکہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 10 روپے، چینی فی کلو 3روپے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے اضافہ ہوا، انڈے فی درجن 5 روپے مہنگے ہوئے جبکہ پیاز، آلو، ٹماٹر، کیلے ، کھلا دودھ، گڑ، چھوٹا اور بڑا گوشت بھی مہنگا ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔گزشتہ ہفتے گھی کی قیمت میں 9 روپے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 38 روپے سستا ہوا، برینڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستی ہونےوالی اشیا میں شامل ہیں۔
